ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / موجودہ حکومت گرانے کی گندی سیاست نہیں کروں گا:کمارسوامی

موجودہ حکومت گرانے کی گندی سیاست نہیں کروں گا:کمارسوامی

Tue, 07 Jan 2020 11:10:08    S.O. News Service

بنگلورو،7/جنوری(ایس او نیوز) جنتادل (سکیولر) لیڈر ایچ ڈی کمار سوامی نے آج کہاکہ ریاست کرناٹک میں بی ایس ایڈی یورپا کی قیادت والی حکومت گرانے کی سیاست میں ان کی پارٹی ملوث نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بی جے پی کے 15 /تا 20/اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے وضاحت بھی کی کہ وہ حکومت کے لئے کوئی مسئلہ کھڑا نہیں کریں گے۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس وقت ان کے لئے ریاست کی ترقی اہم ہے۔ ایڈی یورپا کا نام لئے بغیر انہوں نے کہاکہ بڑی مشکل سے آپ چوتھی مرتبہ وزیراعلیٰ بنے ہیں، مجھے خوشی ہے۔ میں اس وقت آپ کی حکومت کے لئے کوئی خلل پیدا نہیں کروں گا۔ کمار سوامی نے کہاکہ مجھ سے چند لوگ سوال کررہے ہیں کہ جب 15تا 20/ اراکین بی جے پی چھوڑنے کے لئے تیار ہیں تو میں خاموش کیوں بیٹھا ہوں، انہیں اپنے بس میں کرنے کی کوشش کیوں نہیں کررہا ہوں؟ ہاسن میں نامہ نگاروں سے انہوں نے کہاکہ انہیں موجودہ حکومت گرانے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔ ایسی سیاست میں وہ ملوث نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایڈی یورپا کی طرح میں ایک ذمہ دار حکومت کو گرانے کے لئے گندی سیاست نہیں کروں گا۔ حالانکہ حالیہ ضمنی انتخابات سے پہلے بھی کمار سوامی نے واضح اشارہ دیا تھا کہ وہ ریاست میں حکومت گرانے کی کوشش نہیں کریں گے۔ اس سے ریاست کی ترقی متأثر ہوگی۔ ضمنی انتخابات میں حکمران بی جے پی نے 15میں سے 12/سیٹوں پر کامیابی حاصل کرلی اور اسمبلی میں ایڈی یورپا حکومت کے لئے اکثریت ثابت کرنے کی راہ ہموار کی تھی۔ بی جے پی ضمنی انتخابات میں بڑی کامیابی کے بعد اسمبلی میں اس کی تعداد 105 سے 117ہوگئی ہے۔ (مذکورہ تعداد میں ایک آزاد رکن اسمبلی بھی شامل ہیں) اس وقت 223رکنی اسمبلی میں (دمکی اور آر آر نگر کی سیٹیں اب بھی خالی پڑی ہیں۔ ہائی کورٹ میں ان دونوں حلقوں سے متعلق معاملہ زیر سماعت ہے) اکثریت کے لئے 111 سیٹیں درکار تھیں۔ کمار سوامی کی قیادت والی کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کے 17/اراکین اسمبلی کے اپنی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد کمار سوامی حکومت اقلیت میں آگئی تھی۔


Share: